Islamabad Colorectal

An Education Portal for Patients
and healthcare Professionals

 

 

Make an Appointment

  • 001
  • 002
  • 003
  • 005
  • 006
  • 007
  • 008
  • 009
001 002 003 005 006 007 008 009
 

HOME | DR. QAMAR HAFEEZ KIANI | WHAT WE OFFER | FOR PATIENTS | FOR HEALTHCARE PROESSIONALS | ASK A QUESTION | CONTACT

Colon and Rectal Surgery

Specialized treatment in Diseases of Anus, Rectum and Colon

[English] [Urdu]

English   بڑی آنت کا کینسر

مغربی ممالک میں کینسر کی جو اقسام پائی جاتی ہیں‘ ان میں بڑی آنت کا کینسر سب سے زیادہ پائے جانے والے کینسرز میں سے ایک ہے۔ ہمارے ملک میں پہلے اس کی شرح اتنی زیادہ نہیں تھی لیکن رفتہ رفتہ زندگی کے معمولات میں تبدیلیوں کی وجہ سے اب یہ مرض کافی عام ہو گیا ہے۔

پوری بڑی آنت اوراس کے آخری حصے یعنی ریکٹم میں پیدا ہونے والے کینسر کوبڑی آنت کا کینسر کہا جاتا ہے۔بڑی آنت کی اندرونی تہہ یعنی ’’ایپی تھیلیم‘‘ میں تبدیلیوں کی وجہ سے ایک دانہ ’’پولپ‘‘ بنتا ہے۔یہ دانہ رفتہ رفتہ (کئی سالوں میں) کینسر کی شکل اختیارکرلیتا ہے۔

وجوہات
غذائی اثرات: پاخانے کے دیگر امراض کی طرح بڑی آنت کے کینسرکی بڑی وجہ بھی غذائی عادات میں تبدیلیاں ہیں۔ بڑے گوشت ‘بنی بنائی اورپکا کر خشک کئی گئی غذاؤں اور زیادہ چکنائی اور کم فائبر والی چیزوں کا زیادہ استعمال اس کا سبب بنتا ہے۔ عام طور پر جدید مغربی طرز کی غذا ؤں کا زیادہ استعمال کرنے والے لوگوں میں اس کی شرح زیادہ ہوتی ہے ۔

خاندانی اثرات: اس کینسرکی شرح اُن لوگوں میں زیادہ ہے جن کے خاندان میں کچھ لوگ پہلے سے اس بیماری کاشکاررہے ہوں۔
جسمانی مشقت کا کم ہونا: باقاعدہ ورزش کی کمی اور کم جسمانی مشقت کرنے والے لوگوں میں بھی اس کی شرح زیادہ ہے۔
پیدائشی بیماریاں: بڑی آنت کی کچھ پیدائشی بیماریاں مثلاًبڑی آنت کے دانے ‘کینسر کے جینز کا پیدائشی طور پروالدین سے بچوں میں منتقل ہونا وغیرہ بھی اس کا سبب بنتا ہے ۔

دیگر امراض : آنتوں کی سوزش اور کچھ دیگر بیماریاں بھی اس کی وجوہات میں شامل ہیں
یہ مرض مردوں میں زیادہ پایا جاتا ہے تاہم خواتین میں بھی اس کی شرح کچھ کم نہیں ہے۔ یہ 40سال سے زائد عمر کے لوگوں میں زیادہ پایاجاتا ہے لیکن والدین سے اولاد میں موروثی طور پر منتقل ہونے والا کینسر20 سال تک کی عمر کے لوگوں میں بھی ہوسکتا ہے۔

علامات

خون کی کمی ہوجانا خون کی کمی کی متعدد وجوہات ہیں تاہم سرطان زدہ حصے سے خون مسلسل ضائع ہوجانے کی وجہ سے بھی مریض میں خون کی کمی ہو جاتی ہے ۔اس علامت کے ظاہر ہونے کی صورت میں یہ امکان ہوتاہے کہ کینسر بڑی آنت کے ابتدائی حصے میں ہو۔

قبض کا ہونا یا پیٹ کا پھول جانا: بڑی آنت کے کینسر کی وجہ سے مریض کو دائمی قبض یا پیٹ میں گیس ہونے کی شکایت بھی ہوسکتی ہے۔ بعض اوقات مریض آنتوں کی مکمل رکاوٹ کی شکایت کے ساتھ ہسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں آتے ہیں۔اس صورت میں کینسر آنتوں کو مکمل طور پر بند کردیتا ہے۔

پاخانے میں تازہ خون آنا: آنتوں کے آخری حصے میں کینسرکی صورت میں مریض کو پاخانے میں تازہ خون آتا ہے اور اسے بار بار پاخانہ کرنے کی حاجت ہو سکتی ہے۔

پاخانے کی عادات میں تبدیلی: بڑی آنت کے کینسر کی وجہ سے مریض کے پاخانہ کرنے کے معمول میں تبدیلی واقع ہوسکتی ہے۔ اگر مریض دن پہلے ایک بار اس کیلئے جاتاتھا تواب اس کو دن میں اس کی ضرورت کئی بار پیش آسکتی ہے۔اس کے ساتھ ہی مریض کے پاخانے کی ہیئت میں بھی تبدیلی واقع ہوسکتی ہے۔

وزن کا گرنا: مریض کے وزن میں کمی واقع ہونا بھی اس مرض کی ایک علامت ہوسکتی ہے۔

علاج
ان مریضوں کو ترجیحاً’’ کولون اینڈ ریکٹل سرجن‘‘ یاکسی تجربہ کار جنرل سرجن سے رجوع کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر مریض کی تفصیلاً ہسٹری لینے اور کلینک میں اس کے معائنے کے علاوہ کچھ ٹیسٹ بھی تجویز کر سکتاہے جن میں کولونوسکوپی ‘ سی ٹی سکین‘ایم آرآئی خون کے ٹیسٹ وغیرہ شامل ہیں
بڑی آنت کا کینسر مکمل طورپر قابل علاج بیماری ہے لیکن شرط یہ ہے کہ یہ کینسر ابتدا میں ہی تشخیص ہوجائے۔اگر یہ بہت زیادہ بگڑ نہ جائے تو اس کے علاج کے نتائج دیگر اعضاء کے مقابلے میں انتہائی اچھے ہیں۔البتہ کینسرخطرناک مرحلے میں داخل ہو جائے تو پھراس کے نتائج حوصلہ افزاء نہیں ہیں۔
عام طور پر اس کینسر کو چارمراحل میں تقسیم کیاجاتا ہے۔ان کی اہمیت یہ ہے کہ کینسر کا علاج ہر مرحلے پر مختلف ہوتا ہے اوراسی نسبت سے نتائج بھی مختلف ہوتے ہیں۔

پہلا اور دوسرامرحلہ:پہلے مرحلے کے کینسر بڑی آنت یا ریکٹم کی دیوار تک محدود ہوتے ہیں۔
تیسرا مرحلہ : اس مرحلے میں کینسر بڑی آنت یا ریکٹم کے اردگرد کے حصوں اور غدود میں داخل ہوجاتا ہے۔
چوتھا مرحلہ : اس مرحلے کا کینسر بڑی آنت کے علاوہ دیگر اعضاء مثلاً جگر‘ پھیپھڑوں‘ہڈیوں یا دماغ تک پھیل جاتا ہے
کینسر کے علاج میں تین طریقے استعمال ہوتے ہیں۔

سرجری آپریشن کے ذریعے کینسر کو جسم سے نکال دیاجاتا ہے۔
ریڈیوتھیراپی شعاعوں کے ذریعے کینسر کو جلایا جاتا ہے جس سے وہ سکڑ جاتا ہے

ادویات
ادویات کے ذریعے کینسر کے سائز میں کمی کی جاتی ہے‘اس کو دیگر اعضاء تک پھیلنے سے روکا جاتا ہے یا پھیل جانے کی صورت میں اس کا علاج کیاجاتا ہے۔

پہلے اور دوسرے مرحلے کے کینسر میں عام طور پرآپریشن کے ذریعے کینسر کو جسم سے نکال دیاجاتا ہے
۔اس میں ر یڈیوتھیراپی یا کیموتھیراپی کی ضرورت نہیں ہوتی۔جدید طریقہ علاج میں کیمرے کے ذریعے آنت کے اندر سے کینسر کوہٹا دیا جاتا ہے ۔

تیسرے مرحلے میں عام طورپر سرجری سے پہلے مریض کا شعاعوں یا ادویات کے ذریعے علاج کیاجاتا ہے تاکہ کینسر کا سائز کم کرکے اسے سرجری کے قابل بنایاجاسکے۔ اس کے بعد آپریشن کرکے کینسر کو جسم سے نکال لیاجاتا ہے۔
چوتھے مرحلے میں کینسر بالعموم علاج کی حدود سے باہرہوجاتاہے۔اس مرحلے پر مریضوں کی اکثریت میں کینسر کو مکمل طور پر ختم نہیں کیاجاسکتااور علاج محض علامتوں کے دور کرنے تک محدود ہو جاتا ہے

کینسر میں عام طورپردوقسم کے آپریشن کئے جاتے ہیں۔

بڑی آنت کے متاثرہ حصے کو نکال کر آنت کو دوبارہ جوڑدیا جاتا ہے۔کبھی کبھار آنت کو عارضی طور پر پیٹ سے باہر لاکر اس پر بیگ لگایاجاتا ہے جس میں پاخانہ جمع ہوتا ہے۔ اکثر اوقات اس کو واپس آنت کے ساتھ جوڑ دیاجاتا ہے۔

ریکٹم کے آخری حصے کے کینسر میں ریکٹم سمیت مقعد کو نکال دیاجاتا ہے اور بڑی آنت کو پیٹ سے مستقل طور پر باہر نکال کر اس پر بیگ لگادیاجاتا ہے جس میں پاخانہ جمع ہوتاہے۔اگر کینسر اردگرد کے اعضاء مثلاً مثانے یابچہ دانی وغیرہ میں داخل ہوا تو اُنہیں بھی نکالنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔

لوگوں کو چاہیے کہ قدرتی غذائیں خصوصاً پھلوں‘ سبزیوں‘تازہ دودھ‘ دہی اور گوشت وغیرہ کا استعمال کریں۔ڈبہ پیک غذاؤں اور صنعتی طور پر تیارکردہ غذاؤں مثلاً چاکلیٹ ‘فاسٹ فوڈز وغیرہ کا استعمال کم سے کم کریں۔باقاعدہ ورزش کریں اوراپنے وزن کو کنٹرول میں رکھیں۔پاخانے سے متعلق کوئی بھی غیر معمولی علامت ظاہر ہونے کی صورت میں فوراً مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ خاندان میں اس کینسر کے مریض موجود ہونے کی صورت میں ابتدائی عمر میں ہی اس شعبے کے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

 
 
 

 
  Latest News   Useful Web Links Contact Info
 

[more...]

 

The Association of Coloproctology of Great Britain and Ireland (ACPGBI)

American Society of Colon and Rectal Surgeons (ASCRS)

European Society of Coloprotology (ESCP)

Shifa International Hospitals, Ltd., Islamabad Pakistan

[more...]

For Appointments:
Shifa International Hospitals Ltd.
Pitras Bukhari Road H-8/4,
Islamabad - Pakistan

Tel: +92 51 8464646
Email: info@shifa.com.pk

Surgical Clinics:
Phone: +92 51 8463230, 8463231

For other Information:
Dr. Qamar Hafeez Kiani
Email: info@islamabadcolorectal.pk

 

 

Copyright © 2016 Islamabadcolorectal.pk | All rights reserved Designed and Developed by AliSoft .Net